پارکس کے بجائے مالی افسران کے گھروں میں ڈیوٹیاں دینے لگے

January 17, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کے مالی پارکس میں ڈیوٹیاں کرنے کے بجائے سرکاری آفیسران کے گھروں میں ڈیوٹیاں دینے لگے ، انتظامیہ کی جانب سے پارکس کی خوبصورتی میں اضافہ کے دعووں کے برعکس ملتان کے متعدد پارکس کی حالت زار درست نہ ہوسکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پی ایچ اے ملتان انتظامیہ نے پارکس میں صفائی اور پودوں کی دیکھ بھال کیلئے سینکڑوں بیلدار اور مالی بھرتی کر رکھے ہیں، پی ایچ اے انتظامیہ کے آفیسران سے تعاون پالیسی کے باعث ضلعی حکومت سمیت اہم اداروں میں درجنوں مالی اور بیلدار کام کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف پی ایچ اے کے زیر انتظام پارکس کی حالت زار بہتر ہونے کے بجائے حالت زار خراب ہوتی جارہی ہے جس کے باعث شہریوں نے پارکس میں جانا چھوڑ دیا ہے اور دیگر پرائیویٹ کالونیوں کے پارکس کی جانب راغب ہو گئے ہیں۔ شہریوں نے پارکس کی اپ گریڈیشن اور حالت زار بہتر کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔