PTA نے موبائل کمپنی کو 4 جی استعمال کی اجازت دیکر اربوں کا نقصان کیا، PAC

January 19, 2022

اسلام آباد(کامرس رپور ٹر ) پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے سال 2009 سے 2018 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا ، آڈٹ حکام نے کمیٹی کو پی ٹی اے کے اربوں روپے کی بے ضابطگیوں سے متعلق پیراز پر بریفنگ دی ، کمیٹی کو بتایاگیا کہ پی ٹی اے نے واردموبائل کمپنی کے فورجی سپیکٹرم لیے بغیر فورجی استعمال کی اجازت دے کر قومی خزانے کو 51ارب69کروڑر وپے کا نقصان پہنچایا ، وارد نے فور جی کا لائسنس حاصل نہیں کیا اور پی ٹی اے نے غیر قانونی طور پر وارد کو فور جی لائسنس استعمال کرنےکی اجازت دی ، پی ٹی اے کے پیرا میں تحریری جواب میں بتایا گیا کہ جو کمپنی ٹیکنالوجی نیوٹرل ہوتی ہے اس کو موبائل سیلولر پالیسی 2004کے تحت کسی بھی سپیکٹرم ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کی اجازت حاصل ہے ، پی اے سی نے اس معاملے پر غور موخر کر دیا ،پی ٹی اے بورڈ کے ممبرز کےتفویض کرد ہ اختیارات ختم کرنے سے 52کروڑ10لاکھ روپے کے اخراجات میں بے ضابطگیاں کی گئی ہیں ، پی ٹی اے نے 18ارب42کروڑ روپے کی ٹیریثری بلز ( ٹی بل) میں سرمایہ کاری کی جس کے وہ قانونی طور پر مجاز نہیں تھی ، پی ٹی اے نے یو ایس ایف رولز کے تحت پانچ ارب 11کروڑروپے پبلک اکائونٹس میں جمع نہیں کرائے، ان میں سے دوارب 30کروڑر وپے روپے ابھی بھی التواء میں ہیں۔