شناختی کارڈ فراہمی میں قومیت، زبان پر امتیاز نہیں ہونا چاہئے،قاسم سوری

January 19, 2022

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی سربراہی میں کوآرڈینیشن کمیٹی (نادرا) کا اجلاس منگل کو ہوا۔ کمیٹی نے بلاک شدہ شناخت کارڈز کے اجراء کے حوالے سے ڈسٹرکٹ بورڈز کی تشکیل میں ردوبدل کی تجویز پیش کی۔ کمیٹی ممبران کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے ہونے کے ناطے یہ ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے لیے "شناخت" کے بنیادی حق تک آسان رسائی یقینی بنائیں، چھوٹے صوبوں کو نادرا کی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ،کمیٹی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خواتین کیلئے نادرا سنٹرزکی تعداد میں اضافے کی ہدایت کی۔ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ معاملے کی حساسیت کا ذکر کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ کا ہونا ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے۔ شناختی کارڈ کی فراہمی میں قومیت اور زبان کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں ہونا چاہیے۔ کمیٹی نے نادرا کے 95 فیصد مراکز کا کرائے کی عمارتوں میں کام کرنے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور اس رجحان پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا۔ کمیٹی ممبران کا کہنا تھا کہ نادرا کے پاس انتہائی حساس ڈیٹا موجود ہے جس کی سیکورٹی اور حفاظت انتہائی ضروری ہے لہذا نادرا کرائے کی عمارتوں کے بجائے سرکاری سطح پر دفاتر بنائے، چیئرمین نادرا طارق ملک نے کمیٹی کو شناختی کارڈ ، سیکسیشن سرٹیفکیٹس اور اسلحہ لائسنسوں کے اجرا سے متعلق آگاہ کیا۔طارق ملک نے اپنے 165 دنوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جسے پارلیمانی کمیٹی نے سراہا،