گھر پر غیرقانونی چھاپہ مارنے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

January 19, 2022

پشاور(نیوز رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور سید شوکت اللہ شاہ نے خاتون شہری کے گھر پر غیر قانونی چھاپہ مارنے اور گھر سے دس لاکھ روپے اور لاکھوں روپے مالیت کے زیورات لے جانے کے واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او اعجاز نبی ، ایڈیشنل ایس ایچ او صادق شاہ اور اے ایس آئی ناصرخان سمیت آٹھ دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔ گزشتہ روز عدالت نے لطیف آباد کی رہائشی خاتون مسماۃ (ع) کی جانب سے دائر 22اے درخواست پر فیصلہ سنادیا ۔ درخواست میں موقف اختیا ر کیا گیا کہ مدعی خاتون گاڑیوں کی خرید فروخت کا کاروبار کر رہی ہے درخواست گزار خاتون نے دس لاکھ روپے میں گاڑی فروخت کی تھی مذکورہ پولیس اہلکاروں نے متاثرہ خاتون کے گھر پر غیر قانونی چھاپہ مار کر گھر سے دس لاکھ روپے اور کئی تولے سونا بھی لے گئے خاتون نے مذکورہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کاروائی کے لیے پولیس کے اعلی حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا لیکن کو ئی شنوائی نہیں ہوئی جس کے بعد خاتون نے عدالت میں 22اے درخواست دائر کردی دوران سماعت پولیس کی جانب سے گھر کی تلاشی سے انکار نہیں کیا گیا ۔ عدالت نے درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواسست گزار خاتون کے گھر سے دس لاکھ روپے اور کئی تولے سونا لے جانے کے واقعے کی ایف آئی آر ایس ایچ او اعجاز نبی ، ایڈیشنل ایس ایچ او صادق شاہ اور اے ایس آئی ناسرخان سمیت آٹھ دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف درج کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔