سندھ ہائیکورٹ، لاپتا افراد بازیابی، ضلعی سطح پر ٹاسک فورس کی تشکیل کا حکم

January 22, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے شہری کامران سمیت دیگر لاپتا افرادکی بازیابی کے لیئے تحقیقات تیز کرنے اور ضلعی سطح پر قابل اور باصلاحیت افسران پر مشتمل ٹاسک فورس تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے 16 فروری کو رپورٹ طلب کرلی جبکہ حراستی مراکز کی سپریم کورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں بھی جمع کرانے کا بھی حکم دیدیا۔جمعہ کو جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو شہری کامران سمیت دیگر کی بازیابی کے لیئے دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ کامران گینگ وار عزیر بلوچ سکندر عرف سیکو گروپ کا کارندہ تھا۔ کامران مختلف سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث رہا ہے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے عزیر بلوچ کی گرفتاری ظاہر کردی گئی تو اس کی کیوں ظاہر نہیں کی جارہی؟ عدالت نے تفتیشی افسر سے مکالمہ میں کہا کہ غریب لوگ ہیں کچھ خیال کریں۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ کامران کسی کی حراست میں نہیں ہے۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے تو پھر تلاش کریں آپکا کام ہے لاپتا افراد کو تلاش کرنا۔