گھر سے زیورات ۔29 لاکھ چوری، 6 گاڑیاں ،24 موٹر سائیکل اڑالئے گئے

January 22, 2022

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی، اسلام آباد میں ڈکیتی ،سر قہ بالجبر ،نقب زنی، راہزنی ،چوری ،فراڈ اور خیانت مجرمانہ کی 92 وارداتوں میں لاکھوں روپےکی نقدی ،زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علا وہ6کار یں اور24مو ٹرسائیکل اڑا لئےگئے۔ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجمو عی طور پر 79مقدمات کیے ۔ صدر بیرو نی سےسید جواد علی کے گھر سے طلائی زیورات اور نقدی 29 لاکھ روپے، مری کی حدود سے عبدا لباسط سے اسلحہ کی نوک پر پرس، موبائل فون اور موٹرسائیکل، پیرودہائی کی حدود سے یار محمد سے گن پوائنٹ پر ایک لاکھ پچاسی ہزار روپے، تھانہ وارث خان کے علاقہ میں یٰسین شہزاد کی دکان سے اسلحہ کی نوک پر 243230روپے، احتشام علی کی دکان سے اسلحہ کی نوک پر 3لاکھ 50ہزارروپے، ٹیکسلا سےشیخ عبید محمود کی گھریلو ملازمہ جمیلہ نے کمرے کے دراز سے سونا،نقدی مالیتی40ہزار روپے اور چیک اسٹامپ اڑا لیے گئے۔ویسٹریج پولیس کو صفیہ بی بی نے درخواست دی کہ میرے قریبی رشتہ دار محمد ارشد، شہزادہ خان اور فرید خان ہمارے گھر آئے اور مجھے کہا کہ ہمیں 25 لاکھ کی ضرورت ہے تین چار ماہ کے بعد واپس کردینگے اور اب دو سال سے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں ۔ تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے میں ریلوے نوکری دلوانے کے لیے دو شہریوں سے دس لاکھ روپے ہتھیالیے گئے۔ چوری و ڈکیتی کی دیگر وارداتیں تھانہ بنی، نیو ٹاؤن، صادق آباد،کینٹ ، نصیر آباد، ائر پورٹ، صدر واہ، گوجر خان، روات ، کلر سیداں، کوٹلی ستیاں، تھانہ آبپارہ، تھانہ سیکرٹریٹ،تھانہ کوہسار ،تھانہ گولڑہ ،تھانہ نون ، شہزاد ٹاون ،تھانہ کورال، سہالہ ،لوہی بھیر ،تھانہ سیکرٹریٹ ،تھانہ شالیمار ،رمنا ،سبزی منڈی ،تھانہ شمس کالونی ،کھنہ، کورال ، تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں ہوئیں۔