نئے سال میں پہلے سے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرینگے، محمد رضوان

January 23, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) محمد رضوان کا کہنا تھا کہ وہ کوشش کریں گے کہ نئے سال میں وہ پہلے سے بھی بہتر کارکردگی دکھائیں اور زیادہ رنز بنائیں۔جب کھلاڑی کو اعزازت ملتے ہیں تو اس کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور وہ پہلے سے بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور جن کو اعزاز نہیں ملتا وہ کوشش کرتے ہیں کہ اگلی بار کچھ ایسا کریں کہ اعزاز حاصل کریں۔جیو کو انٹر ویو میں محمدرضوان نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کیرئیر کے آغاز کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے جو رنز کا نقصان ہوا وہ لگتا ہے کہ اللہ نے ایک سال میں ہی پورا کروادیا، آئندہ بھی اپنی پرفارمنس پر یونہی توجہ رکھیں گے اور بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔محمد رضوان کیرئیر کے آغاز میں غیر مستقبل مزاجی کا شکار رہے، ان کا بیٹنگ آرڈر ان دنوں مڈل آرڈر یا لوور مڈل آرڈر ہوا کرتا تھا تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے سال دو ہزار بیس میں دورہ نیوزی لینڈ میں محمد رضوان نے اوپننگ کی اور پھر ان کے کیرئیر میں یکدم تبدیلی آئی اور وہ بہترین بیٹرز میں شمار ہونے لگے۔ رضوان نے کہا کہ وہ اپنے کیرئیر کے ابتدا میں جو نقصان ہوا ، اس پر کسی کو الزام نہیں دیتے، شائد ٹیم کی ضرورت ہی یہی تھی کہ نیچے کے نمبر پر کھیلوں، رضوان نے کہا کہ شروع میں بیٹنگ آرڈر کی وجہ سے رنز ٹھیک طرح نہیں ہوئے جس کی وجہ سے ایوریج خراب تھا مگر وہ کبھی ایوریج کا سوچتے ہی نہیں کیوں کہ جو ایوریج کا سوچتا ہے وہ ایوریج پلیئر ہوتا ہے۔