سابق ٹیسٹ کرکٹر آفتاب بلوچ انتقال کرگئے، نماز جنازہ آج ادا کی جائیگی

January 25, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر آفتاب بلوچ پیر کو طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے انہوں نے سوگواران میں دو بیٹیاں اور بیوہ کو سوگوار چھوڑا۔ان کی عمر 69 سال تھی۔ ان کی نماز جنازہ منگل کو بعد نمازظہر رحمانیہ مسجد طارق روڈ میں ادا کی جائیگی اور تدفین سوسائٹی قبرستان میں ہوگی،آفتاب بلوچ نے 1969 میں ڈھاکامیں نیوزی لینڈ کے خلاف 16 سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ وہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے چھٹے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے۔ اپنے کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ کی واحد اننگز میں 25 رنز بنانے والے آفتاب بلوچ نے دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیزکے خلاف لاہور میں کھیلا۔انہیں 74-1973 ڈومیسٹک سیزن میں سندھ کے کپتان کی حیثیت سے بلوچستان کے خلاف کراچی میں 428 رنز کی یادگار اننگز کھیلنے پر یاد کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 172 فرسٹ کلاس میچز میں کُل 9171 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 223 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ وہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے منیجر اور جونیئر سلیکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ انتقال کے وقت سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے رکن تھے۔آفتاب بلوچ کا شمار انتہائی دیانت دار اور دھیمے مزاج کے کھلاڑیوں میں ہوتا تھا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجاکا کہنا ہے کہ آفتاب بلوچ کے انتقال کی خبر سن کر انہیں بہت دکھ ہوا۔