سلطانز کے تابڑ توڑ حملے، کنگز سنبھل ہی نہ سکے، سپر لیگ 7 میں ملتان کا فاتحانہ آغاز

January 28, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ سیون کے افتتاحی میچ میں بابر اعظم کی کراچی کنگز کو محمد رضوان کی دفاعی چیمپئن کے ہاتھوں سات وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سلطانز کے تابڑ توڑ حملوں نے کنگز کو سنبھلنے نہ دیا۔ محمد عامر اور عماد وسیم کی عدم موجودگی میں کنگز پر سلطانز کا پلہ بھاری رہا۔محمد رضوان نے مشکل پچ پر اچھا ٹاس جیتا اور پھر فائٹنگ اننگز کھیل کر پانسہ پلٹ دیا ۔ انہوں نے52ناقابل شکست رنز47گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ ٹم ڈیوڈدس گیندوں پر12رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ بابر اعظم پی ایس ایل میں کپتان کی حیثیت سے پہلے میچ کو یادگار نہ بناسکے۔ ان کا بیٹ سست روی سے رنز بناسکا ۔ جمعرات کی شب نیشنل اسٹیڈیم کی سلو پچ پر بمشکل چوکے چھکے لگ سکے۔ 125رنز کے ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور شان مسعود نے38رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ شان مسعود نے18گیندوں پر26رنز بنائے۔ صہیب مقصود نے دو چھکوں کی مدد سے31گیندوں پر30رنز اسکور کئے ۔ رائیلی روسو کی وکٹ محمد نبی کے حصے میں آئی وہ دو رنز بناسکے۔ قبل ازیں دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین بابر اعظم کی قیادت میں کراچی کنگزنے پانچ وکٹ پر124رنز بنائے۔ اس نے41 ڈاٹ گیندیں کھیلیں، کوئی بیٹسمین نصف سنچری نہ بنا سکا۔ بابر اعظم اور شرجیل خان نے 66رنز کا آغاز فراہم کیا، شرجیل خان نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن کپتان بابر جدوجہد کرتے رہے۔ شرجیل خان 31 گیندوں پر 3 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنا کرعمران طاہر کا شکاربن گئے۔ خوشدل شاہ کو چھکا مارنے کی کوشش میں بابر کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی جنہوں نے 29 گیندوں پر 23 رنز بنائے۔ وہ ایک چوکا مار سکے۔ محمد نبی اور کلارک تیسری وکٹ پر 32 رنز کا اضافہ کیا تاہم عمران طاہر نے 10 رنز بنانے والے محمد نبی اور پھر ٹام لیمن بے صرف ایک رن پر آئوٹ کردیا ۔ جو کلارک نے ٹیم کو اچھے اسکور کی طرف لے جانے کی کوشش کی لیکن 18 ویں اوور کی پانچویں گیند پر وہ 26 رنز بنا کر شاہنواز دھانی کی وکٹ بن گئے۔ مین آف دی میچ لیگ اسپنر عمران طاہر نے16 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔ شاہ نواز دھانی نے تین اوورز میں14اور خوش دل شاہ نے دو اوورز میں8رنز دے کر ایک ایک وکٹ حاصل کی۔