معاہدے کی پاسداری نہ ہوئی تو وزیراعلیٰ ہائوس پر دھرنا ، حافظ نعیم

January 29, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی پر29روزہ تاریخی دھرنے کے بعد بلدیاتی قانون میں تبدیلی و ترمیم کا اعلان کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے حقوق کے حصول کا نکتہ آغاز اور کراچی کی سیاست میں ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوگا، وفاق سے بھی اہل کراچی کا حق لیں گے، حقوق کراچی تحریک جاری رہے گی، اگر معاہدے کی پاسداری نہیں کی گئی تو ہمارے پاس احتجاج اوردوبارہ دھرنے کا آپشن موجود ہے اور اس بار ہم اعلان کرکے وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دیں گے۔ تاریخی جدو جہد اور دھرنے پر مردو خواتین، کارکنان اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں، ایثار، جوش، جذبے اور دن رات کی استقامت کے باعث کامیابی ملی، دھرنے میں شرکت اور اظہار یکجہتی کرنے والے تقریباً 600وفود، اندورن ِ سندھ و بلوچستان سے آنے والوں، سیاسی، سماجی، تاجر تنظیموں، مارکیٹ انجمنوں، صنعتکاروں، علماء کرام، اساتذہ کرام، طلبہ،وکلاء ڈاکٹرز، ڈاکٹرز انجینئرز، مزدوروں، اقلیتی برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت مختلف مکاتب فکر اور طبقات سے وابستہ تمام افراد سے بھی اظہار تشکر کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شب نیو ایم اے جناح روڈ پر جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے درمیان ہونے والے تحریری معاہدے اور دھرنے کی کامیابی پر یوم عزم و تشکر کے حوالے سے منعقدہ ایک عظیم الشان ”ورکرز کنونشن“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی، مسلم پرویز،سکریٹری کراچی منعم ظفر خان، رکن صوبائی اسمبلی و امیر ضلع جنوبی سید عبد الرشید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ورکرز کنونشن کے آغاز سے قبل شرکاء نے نماز شکرانہ ادا کی ٗ کارکنوں میں زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آیا اور شرکاء نے تیز ہو تیز ہو جدوجہد تیز سمیت دیگر نعر ےلگائے۔علاوہ ازیں حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ سندھ حکومت کی جانب سے 2021کے بلدیاتی قانون میں ترامیم پر مبنی معاہدے کی مکمل پاسداری کی جائے گی اور اس پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے گااور جن پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے ان پر حکومتی مذاکراتی ٹیم سے بات بھی جاری رہے ، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ صرف جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو کراچی کو اون کرتی ہے اور جماعت اسلامی ہی عوام کے گھمبیر مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ماضی میں عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے جو منصوبے اور پروجیکٹ مکمل کیے وہ کسی اور دور میں نہیں کیے، جماعت اسلامی کو آئندہ بھی موقع ملا تو ہم عوامی اخدمت اور مسائل حل کرائیں گے اور شہر کراچی کو کو تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے، کراچی کا مستقبل صرف اور صرف جماعت اسلامی سے ہی وابستہ ہے اور جماعت اسلامی اہل کراچی کو ہرگز مایوس نہیں کرے گی۔