ہمارا سیاسی فراریوں میں کبھی شمار نہیں رہا‘ صادق عمرانی

January 29, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک تسلسل سے کمی اور کرنٹ اکائونٹ خسارے میں اضافے کے ساتھ 9 ارب 10کرور ڈالر کا ہوجانا اور اس پر دھمکی آمیز رویہ کہ میں حکومت سے باہر زیادہ خطرناک ہوجائونگا اوپر سے یہ خوش فہمی کہ اگلی باری پھر میری ہوگی اقتدار کی رخصتی پر ایسی بدحواسی ملک کی نظریاتی اکائیوں کے لئے خطرے کی گھنٹی ثابت ہورہی ہے۔ گرتی ہوئی دیوار کو اب صرف ایک دھکا کافی ہوگا۔ پیپلز پارٹی بھرپور عوامی تائید کے ساتھ 27 فروری کو جس لانگ مارچ کا آغاز کررہی ہے وہ جلد قوم کو اس مسلط کردہ تبدیلی سرکار سے نجات کا ذریعہ بنے گا۔ہماری سیاسی تاریخ میں ایسے کٹھن لمحے بارہا آئے۔ قیدوبند کی صعوبتیں کوڑے اور پھانسی کے پھندے ہماری سیاسی و عملی جدوجہد کا حصہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی جدوجہد چاروں آمروں کے خلاف فتح سے ہمکنار ہوئی ہے۔ جمہوریت کی چادر میں لپٹی اس مسلط کردہ آمریت کی ہماری سیاسی تاریخ کے سامنے کیا حیثیت ہے۔ ہمارا کبھی سیاسی فراریوں میں شمار نہیں کیا جاسکا ہم نے ملک میں رہ کر تمام مقدمات و الزامات کا سامنا کیا۔شہداء کی اس جماعت میں دراریں ڈالنے اور اسے ختم کرنے کی بھی بارہا سازشیں کی گئیں مگر ہم نے اپنے قائدین کا خون ناحق ماتھے پر سجائے اپنے سیاسی سفر اور ملک میں حقیقی جمہور کی بحالی کے لئے اپنا سیاسی سفر جاری رکھا ہوا ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ ہمارے سیاسی تربیت یافتہ کارکن ہمارا اثاثہ ہیں جو گزشتہ کئی دہائیوں سے آمریت اور آمریت پسندوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔