جامعہ کراچی بہتر سیکورٹی نظام کیلئے پی سی ون بنائے، طارق بنوری

May 18, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنورای نے جامعہ کراچی کو اپنی سیکورٹی کا نظام بہتر بنانے کے لیے فوری پی سی ون بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی جدید سیکورٹی کے لیے جامع پی سی ون بنائے ایچ ای سی اس کے لئے فنڈز فراہم کرے گی یہ بات انھوں نے منگل کو جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کا دورہ کے موقع پر کہی۔ ڈاکٹر طارق بنوری نے خود کش حملے کے نتیجے میں چینی اساتذہ کی ہلاکت کے واقع ہر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور اسے بڑا نقصان قرار دیا اس موقع پر قائم مقام عبوری وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرہ خاتون اور قائم مقام رجسٹرار مقصود انصاری بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ جدید سیکورٹی جامعہ کراچی کے لیے ضروری ہے تاکہ بلاخوف طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں انھوں نے کہا کہ ملک بھر کی جامعات کو دہشت گرد کاروائیوں سے بچنے کے لیے فل پروف سیکورٹی سسٹم وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ بعد ازاں جنگ سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ عدالتی احکامات کے تناظر میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعہ کراچی میں مستقل وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں امیدواروں کے تحقیقی پرچوں کی رپورٹ تلاش کمیٹی کو بھیج دی ہے جب کہ اسناد کی تصدیق کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے اب یہ تلاش کمیٹی پر منحصر ہے کہ وہ کب امیدواروں کے انٹرویو کرتی ہے۔