پشاور،ضلعی انتظامیہ کے چھاپے،76گرانفروش گرفتار

May 18, 2022

پشاور(وقائع نگارصوبائی دارلحکومت پشاور میں کمشنر پشاور ریاض خان محسود اور ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ گرانفروشوں کے خلاف سرگرم ہے اور انتظامی افسران نے دن اور رات کے مختلف اوقات میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 76 گرانفروشوں کو گرفتار کر لیا۔اسسٹنٹ کمشنر محمد شعیب نے رات کے اوقات میں رنگ روڈ پر مختلف ریسٹورنٹس اور دیگر دکانوں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد اظہر خان نے رات کے اوقات میں گلبہار اور دیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عظمیٰ مکرم نے فقیر آباد کے علاقے میں بازاروں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سیدہ زینب نقوی نے یونیورسٹی روڈ پر مختلف بازاروں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لطف الرحمان نے چارسدہ روڈ پر بازاروں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اعزاز احمد نے پشتخرہ روڈ پر بازاروں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد تاج خان نے کوہاٹ روڈ پر بازاروں کا معائنہ کیا، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تحریم شاہ نے حیات آباد کی مارکیٹوں میں دکانوں کا معائنہ کیا۔جبکہ دیگر انتظامی افسران نے اپنے علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں سے گرانفروشی، صفائی ناقص صورتحال اورسرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر 76 دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان گرفتار افراد میں ریسٹورنٹس منیجر، سبزی و پھل فروش، نانبائی، جنرل سٹور مالکان و دیگر شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے انتظامی افسران کو بازاروں کا مسلسل دورہ کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔