مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات، 3 افراد جاں بحق، ایک زخمی

May 25, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں3افراد جاں بحق اور ایک نوجوان زخمی ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق سائٹ اے تھانے کی حدودپٹھان کا لونی فلور ملز کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا،جس کی لاش عباسی اسپتال منتقل کی گئی ،جہاں اس کی شناخت 35سالہ محمداکرم ولدبخش وادان کے نام سے ہوئی ہے ،پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی پر پیش آیا۔اتحاد ٹاون تھانے کی حدود بلدیہ ٹاون گلشن غازی نجی اسپتال کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ،جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی ،جہاں اس کی شناخت 55سالہ شیریں زادہ ولد شیر خاں کے نام سے ہوئی ہے ،پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ زاتی رنجش پر پیش آیا ۔ اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاون نمبر 5میں ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا ،جسے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا ، مقتول کی شناخت 45سالہ منظور حسین ولدحسین کے نام سے ہوئی ہے، پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے ۔سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا ، جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں ا سکی شناخت 26 سالہ محمد ساجد ولد محمد صادق کے نام سے ہوئی ہے۔