پی ایف یو جے کا آئی ٹی این ای جج کی فوری تقرری کا مطالبہ

May 25, 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے اخبارات کے ملازمین کے لیے عملدرآمد ٹریبونل (آئی ٹی این ای) کے جج کی فوری تقرری کا مطالبہ کیا ہے جو کہ وزارت اطلاعات و نشریات کو معلوم وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے آئی ٹی این ای بغیر کسی جج کے ہے جس کی وجہ سے صحافیوں کی جانب سے دائر سیکڑوں مقدمات زیر التوا ہیں کیونکہ یہ واحد فورم ہے جو اخبارات کی انتظامیہ اور مالکان کے خلاف صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی شکایات کے ازالے کے لیے دستیاب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی تشویشناک صورتحال ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایات کے باوجود آئی ٹی این ای کے جج کی تقرری نہیں کی جا رہی اور عدالتی ہدایات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی این ای کے جج کی عدم دستیابی کی وجہ سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو مشکلات اور مالی مجبوریوں کا سامنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مزید تاخیر حکام کی جانب سے مجرمانہ غفلت ہوگی۔ انہوں نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے وفاقی دارالحکومت کے علاوہ ہر صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور میں آئی ٹی این ای ججوں کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔