ایم این ایس زرعی یونیورسٹی اور ایسوسی ایشن آف بائیو رسک میں یادداشت پر دستخط

May 26, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)ایم این ایس زرعی یونیورسٹی اور ایسوسی ایشن آف بائیو رسک مینجمنٹ کے مابین باہمی یادداشت پر دستخط کئے گئے،اس ایم آئی یو کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ دونوں ادارے مل کر جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہونے والی بیماریوں بارے آگاہی اور کیمیکلزسے جوخطرات لاحق ہو سکتے ہیں ان سے کیسے نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے کے بارے میں آگاہی سیمینار اور ورکشاپ کروائیں گے ،اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ ایسی مشترکہ کاوشیں معاشرہ میں بہتر تبدیلی لانے میں موثر کردار ادا کر سکتی ہیں ،ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ادارے میں بائیو سیفٹی پر ایک کمیٹی پہلے سے تشکیل شدہ ہے اور ہم بائیو سیفٹی کورس ریسرچ کا ایک اہم جزو سمجھتے ہیں، پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید خان نے اپنی تنظیم ادارے کی کوششوں اور اپنے اہداف کامیابی کے بارے میں آگاہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ اس سے پہلے پاکستان بھر میں مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ بائیو رسک مینجمنٹ کے موضوع پر مفاہمتی یادداشت پر اتفاق رائے کرچکا ہے جس کے تحت ادارے نے 50 سے زائد یونیورسٹیوں کے اساتذہ کو تربیت دی ہے ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اصغر خان نےکہاکہ ان کا ادارہ ون ہیلتھ کے موضوع پر بھی کام کر رہا ہے ،تقریب میں چیئرمین شعبہ ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز ڈاکٹر جنید علی خاں ،ڈاکٹر مجاہد خان مس حلیمہ ڈاکٹر حافظ محکم سمیت فکیلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کی فیکلٹی موجود تھے۔