محکمہ انڈسٹریز کےریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے، سرتاج احمد خان

May 26, 2022

پشاور(نیوزرپورٹر)صوبے میں کاروبار کے فروغ اور چترال سمیت شمالی علاقہ جات میں انسانیت کی فلاح اور کاروبار کی ترقی کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کے مسائل کے حل کیلئے ایف پی سی سی آئی ریجنل کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان اور ڈائریکٹر انڈسٹریز مقصود قیصر کی اہم ملاقات ہوئی جس میں ایسو سی ایشنز کے اندراج اور انکی تجدید کے طریقہ کار کو سہل کرنے پر سیر حاصل بات چیت ہوئی جبکہ اس حوالے سے محکمہ انڈسٹریز کے تمام تر ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرکے سسٹم کو جلد آن لائن بنانے کے کام کے آغاز بارے بھی بتایا گیا ۔ گزشتہ روز ہونے والی ملاقات جس میں ایڈمنسٹریٹیو آفیسر آصف خان بھی موجود تھے میں سرتاج خان کی جانب سے چترال سمیت ملاکنڈ ڈویژن میں مشکلات کے انمبار اور وسائل کی کمی کے باوجود انسانیت کی فلاح اور کاروبار کی ترقی کے لیے کام کرنے والی سول تنظیموں کے مسائل بارے بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ چترال میں کمیونٹی بیس کام ہوتا ہے جبکہ درجنوں سوسائٹیز کو رینیول (تجدید) کے حوالے سے بھی شدید مشکلات کا سامنہ ہے ۔ فائلیں محکمے تک تو پہنچتی ہیں لیکن متعلقہ افسران کے پاس ٹیبل نہیں ہوتیں یا پھر انہیں بھلا دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان تنظیموں کی رجسٹریشن اور تجدید کے عمل کو جدید اور سہل بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ بھلائی کا یہ سفر بلاوجہ تاخیر کا شکار ہونے سے بچ سکے ۔ دونوں ذمہ داران کے مابین صوبے میں کاروبار کو ترقی دینے اور اکنامک زونز و سمال انڈسٹریل سٹیٹس سمیت کاروباری طبقے کو درپیش مسائل بارے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سرتاج خان نے ڈائریکٹر انڈسٹریز کو ٹریڈ باڈیز کے دورے کرنے اور بزنس کمیونٹی سے ملاقات کرکے براہ راست سفارشات سننے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کے محکمے میں سسٹم کو آن لائن کرنے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے اور جلد تمام تر ریکارڈ آن لائن کردیا جائیگا، سب فائلیں ڈیجیٹل ہونگی اور سب کچھ آن لائن ہوگا۔ ڈائریکٹر انڈسٹریز نے یقین دلایا کہ صوبے میں کاروبار کی ترقی کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائینگے ۔