دی نیوز کے سینئر ایڈیٹر طلعت اسلم انتقال کرگئے

May 26, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) معروف صحافی اور دی نیوز کے سینئر ایڈیٹر طلعت اسلم قضائے الٰہی سے بدھ کے روز انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 67 برس تھی۔ دہائیوں پر محیط اپنے صحافتی کیرئیر میں طلعت اسلم کئی اخبارات اور میگزینز سے منسلک رہے۔ وہ ماہانہ ہیرالڈ کے ایڈیٹر رہے اور اس کے بعد دی نیوز کے ایڈیٹر بنے۔ بدھ کی شام ان کی نماز جنازہ ادا کئے جانے کے بعد ڈی ایچ اے فیز 8 کے قبرستان میں انہیں سپرد خاک کردیا گیا ، اس موقع پر صحافیوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیاستدانوں، صحافیوںاداکاروں اور دوست احباب نے ان کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی طلعت اسلم کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو اپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم نے مرحوم طلعت اسلم کی آزادی صحافت، اقلیتوں اور حقوق نسواں کی عوامی آگاہی کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ طلعت اسلم اپنے پورے کیرئیر میں سچائی کی آواز بنے رہے اور ان کے انتقال سے پاکستانی صحافت کا ایک روشن باب بند ہوگیا ہے۔ پاکستان میں صحافت ان کی بے غرض خدمات کی قرض دار رہے گی۔ وفاقی وزیر شیری رحمان نے طلعت اسلم کیساتھ بطور کولیگ اپنی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ پرانے دوست طلعت اسلم کے انتقال پر دل غم سے پھٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلعت اسلم بہت مہربان،انتہائی مزاحیہ اور گرم جوشی رکھنے والے انسان تھا۔ ان کی زندگی آسان نہیں تھی مگر انھوں نے تمام مشکلات کا مقابلہ ہنس کرکیا۔ شیری رحمان نے طلعت اسلم کی صحافتی اور پیشہ ور زندگی کو بھی بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے کہا کہ اسلم کی موت کے بارے میں سن کر “گہرا دکھ ہوا” اور یہ کہ انہیں ان کی “ذہانت اور گرمجوشی، اور کئی نوجوان صحافیوں کی رہنمائی کے لیے” یاد رکھا جائے گا۔وفاقی وزیر شازیہ مری نے سینئر صحافی طلعت اسلم کی وفات پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ سینئر صحافی اور دی نیوز اخبار کے سینئر ایڈیٹرطلعت اسلم کے انتقال کا سن کر انہیں بہت دلی صدمہ اور افسوس ہواہے ،اس دکھ کی گھڑی میں مرحوم کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔