پروفیسر اطہر عطا نے وائس چانسلر جامعہ اردو کا چارج سنبھال لیا

May 26, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون سائنس و ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر اطہر عطاء اپنے نوٹیفکیشن کے اجراء کے تین ماہ بدھ سے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھال لیا ہے. روزنامہ جنگ نے گزشتہ ہفتے ان کی جانب سے 25 مئی کو چارج سنبھالنے کی خبر شائع کی تھی۔ یاد رہے کہ تلاش کمیٹی نے ڈاکٹر عطاء کو دوسرا نمبر دیا تھا جبکہ پہلے نمبر پر آنیوالے امیدوار ڈاکٹر شاہد قریشی نے وائس چانسلر کی ذمہ داری سنبھالنے سی معذرت کرلی تھی۔ پروفیسر اطہر عطاء جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل ہیں، اُنہوں نے کیمیاء میں ڈاکٹر اقبال چوہدری کی زیر نگرانی پی ایچ ڈی کی اور کینیڈا کی ونی پیگ یونیورسٹی میں بطور پروفیسر خدمات انجام دے رہے تھے وہ کینیڈین شہری بھی ہیں۔ صدر مملکت نے ان کی تنخواہ میں5 لاکھ روپے خصوصی اضافے کی منظوری دی تھی کیونکہ وہ کم تنخواہ پر آنے کو تیار نہیں تھے لیکن صدر مملکت نے ان کی تنخواہ میں اضافہ کردیا اس طرح وہ اردو یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلر بن گئے جن کی تنخواہ تقریباً 12لاکھ روپے ماہانہ ہوگی۔علاوہ ازیں انجمن اساتذہ ویلفئیر ایسوسی ایشن وفاقی جامعہ اردو کے معتمدِ عمومی شیخ کاشف رفعت اور انجمن غیر تدریسی عمال ویلفئیر ایسوسی ایشن 1تا 16وفاقی جامعہ اردوگلشن اقبال کیمپس کے صدر عدنان اختر نے وفاقی جامعہ اردو کے مستقل وائس چانسلرپرو فیسر ڈاکٹر اطہر عطاکو بحیثیت مستقل وائس چانسلر رجوع بکار ہونے پر مبارکباد پیش کی ،انجمن غیر تدریسی ایسو سی ایشن گلشن اقبال کیمپس کے صدر عدنان اختر نے اس موقع پر کہا کہ جامعہ کو عرصہ دراز بعد مستقل وائس چانسلر کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی ملیں گی اور وفاقی جامعہ اردو دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرے گی۔ انجمن اساتذہ ویلفیئرایسو سی ایشن اورانجمن غیر تدریسی عمال ایسو سی ایشن نے پرو فیسر ڈاکٹر زرینہ علی کو بحیثیت رجسٹرار جامعہ اردو مقرر ہونے پر بھی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔