ایمنڈ کا PTI مارچ میں صحافیوں پر تشدد اور حملوں پر اظہار تشویش

May 27, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے موقع پرملک کے مختلف شہروں میں صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے،میڈیا کی گاڑیوں اور دفتر پر حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اسکی سخت مذمت کی ہے،راولپنڈی اسلام یونین آف جرنلسٹس نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں میڈیا کی آزادی پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کریں ایمنڈ کے مطابق گزشتہ روز پرتشدد واقعات اور تشویشناک حالات کے باوجود صحافیوں نے اپنے فرائض بخوبی انجام دیئے اور عوام کو دوطرفہ مؤقف اور تمام صورتحال سے آگاہ رکھا، ان فرائض کی ادائیگی کے دوران کراچی، لاہور، اسلام آباد اور دیگر مقامات پر تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے نہ صرف رپورٹرز، کیمرامینوں اور فوٹو گرافروں پر تشدد کیا گیا انکے پیشہ وارانہ فرائض میں رکاوٹ ڈالی گئی بلکہ متعدد چینلز کی گاڑیوں اور ڈی ایس این جیز کو بھی توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا، توڑ پھوڑ سے دنیا ٹی وی، ٹوئنٹٰی فور نیوز، سماء نیوز اور آج نیوز سمیت دیگر چینلز کی ڈی ایس این جیز کو شدید نقصان پہنچا، اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جیو نیوز کے دفتر پر حملہ کیا، پتھراؤ کے نتیجے میں عمارت کے شیشوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا، ایمنڈ نے ان واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے کارکنوں کیلئے میڈیا ہاؤسز اور ورکرزکو نقصان نہ پہنچانے کی واضح ہدایات جاری کریں، میڈیا سے متعلق اشتعال انگیز گفتگو سے گریز کریں سیاسی معاملات اور مفادات کے لیئے میڈیا کو نشانہ نہ بنائیں اور اپنے پروگرامز کی کوریج کے لیئے ایسا ماحول فراہم کریں جس میں پیشہ وارانہ فرائض احسن طریقے سے انجام دیئے جاسکیں۔