خالی سڑکیں، پی ٹی آئی پٹ گئی، ڈھیٹ بن کر کھڑا ہے ’’کپتان‘‘، وزیراعلیٰ حمزہ شہباز

May 27, 2022

لاہور (خصوصی نمائندہ )وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ قوم سوال کرتی ہے لاکھوں لوگ کہاں گئے،خالی سڑکیں ان کے جھوٹ کی داستان سنا رہی ہیں ،پی ٹی آئی پٹ گئی لیکن پھر بھی ڈھیٹ بن کر کھڑا ہے یہ ʼʼکپتانʼʼ۔ کہاں گئے لاکھوں لوگ؟ اہلکاروں پر تشدد بدترین فسطائیت ،ملک نہ عدلیہ کا احترام،اس شخص کو شرم ہی نہیں ، ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ثابت ہو گیاہے کہ عمران نیازی کی اناء پاکستان سے بڑی ہے ،یہ شخص اعلی عدلیہ کا حکم ماننے سے بھی انکاری ہے ،پاکستان کو پوری دنیا میں تماشہ بنانے کے باوجود اس کو شرم نہیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ لاہور میں پانچ بچوں کے کانسٹیبل باپ کو بے دردی سے شہید کرنے اور ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنیوالے اہلکاروں پر تشدد کرکے بدترین فسطائیت کا مظاہرہ کیا گیا، وزیراعلیٰ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران امن عامہ کی صورت حال کو خودمانیٹر کرتے رہے ، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کیلئے ہدایت کی۔