میگا پراجیکٹس کے7ارب فنڈز فنانس ڈیپارٹمنٹ کو واپس کرنیکا فیصلہ

May 27, 2022

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) راولپنڈی کے میگا پراجیکٹس کے فنڈز حکومتی منظوری میں تاخیر اور لیپس ہونے سے بچانے کیلئے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تقریبا سات ارب روپے کے لگ بھگ فنڈز واپس کئے جارہے ہیں۔باخبرذرائع کے مطابق واپس کئے جانیوالے فنڈز میں تقریبا چار ارب روپے رنگ روڈ اور تین ارب روپے کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبے کے ہیں۔ دونوں منصوبوں کے حوالے سے موجودہ حکومت کی طرف سے ابھی تک کام شروع کرنے کا گرین سگنل بھی موصول نہیں ہوا۔دونوں منصوبے ایف ڈبلیو او کے پاس ہیں۔دونوں منصوبوں کیلئے 30جون کے بعد نئے مالی سال کیلئے دوبارہ فنڈز کا اجرا ہو گا۔ادھر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ رنگ روڈ کاورک آڈر جاری ہوا ہے لیکن ابھی تک کنٹریکٹ نہیں ہوا ۔ رنگ روڈ منصوبہ پر کام شروع کرنے سے قبل موجودہ حکومت ماضی میں بننے والے سیکنڈل کی دوبارہ تحقیقات پر غور کررہی ہے۔جبکہ ایک بار پھر وسائل کی کمی کے باعث منصوبہ کو صوبائی وسائل کے ذریعے مکمل کرنے کی بجائے پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے کا بھی جائزہ جارہا ہے۔