جونیئر کرکٹ لیگ میں ٹیمیں خریدنے کیلئے 30 اداروں کا اظہار دلچسپی

June 25, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال اکتوبر میں ہونے والی پاکستان جونیئر لیگ کیلئے ندیم خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کردیا۔ وہ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس بھی ہیں ، انہیں اضافی چارج دیا گیا ہے۔ ایونٹ کی 6 فرنچائز ٹیموں کی فروخت کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے چند روز قبل اشتہار جاری کیا تھا جس کے جواب میں 30 اداروں نے ٹیمیں خریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے مطابق ان 30 میں چار پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز بھی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی کیلئے مختلف بورڈز سے بھی رابطے میں ہے، انگلینڈ سمیت متعدد بورڈز نے اس سلسلے میں مثبت جواب دیا ہے۔