بلدیاتی انتخابات میں شکست کا بدلہ بولان کچھی کے عوام سے لیا جا رہا ہے ، عاصم گیلو

June 26, 2022

کوئٹہ ( پ ر)بلوچستان عوامی پارٹی کے نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد ایم پی اے کچھی بولان کے عوام سے بدلہ لینے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر ائے ہیں اور انہوں نے بولان کے بعض گاؤں کی فصلات کا پانی بند کر دیا ہے ۔حکومت کو بارہا آگاہ کرچکے ہیں تین دن کا الٹی میٹم دے رہے ہیں اگر ان گاؤں کا پانی نہ کھولا گیا تو ہم بولان کی قومی شاہراہ کو بلاک کر دیں گے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں اپنی رہائش گاہ پر ضلع کچھی بولان کے نومنتخب کونسلران اور دیگر معتبرین سے ملاقات میں کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں بولان کچھی کے عوام نے ایم پی اے کچھی کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں بولان کے عوام سے بدلہ لینے کی غرض سے انہوں نے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال شروع کیا ہے اور نوشارد گاؤں‘ کوٹ کائی‘ کوٹ رئیسانی‘ جہلم بانی ‘چوٹائی گاؤں اور گرد و نواح کے علاقوں میں فصلات کیلئے ڈھاڈر سے آنے والا پانی بند کر دیا ہے جس سے فصلات کو نقصان پہنچے گا۔ اندیشہ ہے او ر علاقہ کے زمینداروں کی پورے سال کی محنت رائیگاں چلی جائے گی انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہم نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور دیگر حکومتی حکام کو آگاہ کیا ہے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی لہذا ہم حکومت کو تین دن کا الٹی میٹم دیتے ہیں کہ وہ اس مسئلے کا مثبت حل نکالے ورنہ ہم بولان کچھی کی قومی شاہراہ کو بلاک کر دیں گے اور حالات کی ذمہ داری متعلقہ ایم پی اے اور حکومتی حکام پر عائد ہوگی انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ان کے ساتھ کسی کو ناانصافی اور ظلم نہیں کرنے دیں گے۔