ورلڈکپ سے قبل نیوزی لینڈ میں سہ فریقی ٹی 20 کیلئے میدان سجے گا

June 29, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ورلڈکپ سے قبل نیوزی لینڈ میں سہ فریقی سیریز کیلئے میدان سجے گا۔کرکٹ نیوزی لینڈ نے اکتوبر میں پاکستان ، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔ ٹورنامنٹ سات اکتوبر سے شروع ہوگا اور فائنل 14اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کرے گی۔ عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود پاکستان سہ فریقی سیریز میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔ سہ فریقی سیریز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں8 اکتوبر کو پہلی مرتبہ مدمقابل آئیں گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 11 اکتوبر کو دوبارہ نیوزی لینڈ اور 13 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی۔ سہ فریقی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوجائے گی، جہاں کھیلے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو میلبورن میں بھارت کے خلاف کھیلے گا۔پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ میں شیڈول سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کرنے پر بہت مسرور ہیں کیونکہ یہ ورلڈکپ کیلئےپاکستان کی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی۔ قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کھیلنے کے بعد 4 اکتوبر کو کرائسٹ چرچ روانہ ہوگی۔