حکومت اور کے الیکٹرک عوام کو ریلیف دینے پر تیار نہیں، حافظ نعیم

June 29, 2022

کراچی ( نیوز ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے شدید لوڈشیڈنگ کر کے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، سخت گرمی اور حبس میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ، لیاری سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں عوام کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کرنے اور سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہیں لیکن حکومت اور کے الیکٹرک عوام کو ریلیف دینے پر تیار نہیں ۔ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی ، نواز لیگ سمیت تمام حکومتی جماعتیں کے الیکٹرک کو سپورٹ کرتی ہیں۔ صارفین اگر بل ادا نہ کریں تو بجلی کا کنکشن کاٹ دیا جاتا ہے لیکن کے الیکٹرک سوئی سدرن گیس کمپنی کی اربوں روپے کی نادہندہ ہے اس کا لائسنس کیوں منسوخ نہیں کیا جاتا۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت مولوی عثمان پارک لیاری میں ’’خواتین بلدیاتی کنونشن ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیاوفاقی و صوبائی حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر میں عوام کے لیے ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام تک موجود نہیں ہے ۔صوبائی حکومت نے 14سال میں 240 بسوں کا اعلان کر کے صرف ایک روٹ پر چند بسیں چلا کر کراچی کے عوام کے ساتھ سنگین مذاق کیا ہے،پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت گلیوں اور سڑکوں کی کھدائی اس وقت کرواتی ہے جب شہر میں انتخابات ہوتے ہیں۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت مولوی عثمان پارک لیاری میں ’’خواتین بلدیاتی کنونشن ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کنونشن سے امیر ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید ، حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی قائم مقام ناظمہ فرح عمران،یوسی 8کے نامزد چیئرمین جواد شعیب ،نامزد وائس چیئرمین سمیر بلو چ و دیگرنے بھی خطاب کیا ۔ کنونشن میں خواتین کی بڑی تعداد نے شر کت کی ۔