پاکستان میں امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری معاون ثابت ہوگی، مسعود خان

July 04, 2022

‎ہیوسٹن (نمائندہ جنگ، راجہ زاہد اختر خانزادہ) امریکا میں متعین پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکا کی بڑی کاروباری کمپنیاں ‎ہیوسٹن ٹیکساس کی طرف ہجرت کر رہی ہیں اور ریاست ٹیکساس آئی ٹی کا نیا Hub بن رہا ہے اس لئے پاکستان آئی ٹی اور توانائی کے شعبوں سمیت دیگر اہم سیکٹرز میں مربوط باہمی رابطوں کیلئے کوشاں ہے جو کہ پاکستان میں امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کیلے معاون ثابت ہونگے۔‎ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن اور پاکستان قونصلیٹ ہیوسٹن سمیت گریٹر ہیوسٹن پارٹنر شپ کے اشتراک سے مقامی تاجروں اور مختلف ممالک کے چیمبر ز آف کامرس کے ساتھ منعقدہ بزنس لنچ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم تعلیم کے شعبے میں بھی پاکستان اور امریکا کی جامعات کے درمیان الحاق اور اشتراک کے خواہشمند ہیں۔ ‎ہیوسٹن کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والے اس بزنس لنچ میں نظامت کے فرائض معروف اٹارنی عمر خواجہ نے انجام دیئے جبکہ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر سعید شیخ نے تمام شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے سسٹر سٹی کی کارکردگی اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ‎بزنس لنچ میں کمرشل اتاشی شائستہ بنیاد نے پاکستان اور امریکا کے درمیان ہونے والی درآمدات اور برآمدات کا مختصر جائزہ پیش کیا۔