مینگو فیسٹیول جاری،ورائٹی اور فیشن شو،مینگو واک،گانوں کے مقابلے

July 05, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)ا یم این ایس زرعی یونیورسٹی،ڈی ایچ اے،مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے اشتراک سے3روزہ مینگو فیسٹیول جاری ہے،گزشتہ روز بھی آموں کی نمائش اوربچوں کے لئے مختلف طرح کی دلچسپ سرگرمیوں کا انتظام کیا گیا،بچوں کے لئے ورائٹی شو،مینگو واک،گانوں کے مقابلے اور فیشن شو کا بھی انعقاد کیا گیا،50سے زائد فیملیز نے ان مقابلہ جات میں حصہ لیا۔مینگو فیسٹیول کے دوسرے روز موسمی تبدیلیوں کےآم کی فصل پر اثرات پر کسان کنونشن ہوا،اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے مینگو گروورز اور کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال آم کی فصل پر موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بہت برے اثرات پڑے ہیں،آم کی فصل پر جدید تحقیق کرکے زیادہ درجہ حرارت پر اچھی پیداوار دینے والی اقسام حاصل کی جا سکتی ہیں،مستقبل میں یونیورسٹی اور ریسرچ اداروں کے اشتراک کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے،مینگو گروور زاہد حسین گردیزی ،میجر طارق اورمس رابعہ سلطان نے آم کے باغات میں ملچنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس سے پانی کے استعمال میں کمی پر روشنی ڈالی، ایڈیشنل سیکر ٹری ٹاسک فورس جنوبی پنجاب امتیاز وڑائچ نے یونیورسٹی اور سرکاری اداروں کے اشتراک کو سراہا ، مینگو فیسٹیول آج ختم ہو جائے گا، اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ،پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف رضا، پروفیسر ڈاکٹر مبشر مہدی،پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق خان، ڈاکٹر تنویر احمد،ڈاکٹر سلمان قادری، ڈاکٹر کاشف رزاق،ڈاکٹر عابد حسین ، مینگو گروورز اور کسانوں کی کثیر تعداد موجودتھی ۔