وفاق سے تنازع، KPK کا IMF مفاہمتی یادداشت پر دستخط سے انکار

July 05, 2022

پشاور (آئی این پی) وفاق اور کے پی کے حکومت میں نیا تنازع پیداہوگیا ہے اور خیبر پختونخوا حکومت نے آئی ایم ایف کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے سے انکار کردیا ،کے پی کے کابینہ اجلاس میں طے پایا کہ وفاق سے فنڈز کی مکمل فراہمی تک دستخط نہیں کئے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ حتمی مراحل کا معاملہ ابھی تک حل نہ ہوسکا۔ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کے مفاہمتی فارمولے کو چاروں صوبوں کو بھجوایا تھا۔ تاہم خیبر پختونخوا حکومت نے اسے مشروط کردیا۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے کابینہ اجلاس میں طے پایا ہے کہ جب تک وفاقی حکومت صوبہ خیبر پختونخوا حکومت کو مکمل فنڈز فراہم نہیں کرتی اور قبائلی علاقوں کے فنڈز پر لگے کٹس کو واپس نہیں لیتی اس وقت تک دستخط نہیں کئے جائینگے، کے پی حکومت کے مطابق وفاق کی جانب سے کے پی حکومت کے بجٹ کو کم کرنے سے 700؍ افراد کے صحت کارڈ بند ہوگئے ہیں۔ تاہم کابینہ نے دستخط کا اختیار وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے حوالے کردیا۔