بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود عوام کو بجلی میسر نہیں، شہزاد قریشی

July 06, 2022

کراچی (جنگ نیوز) تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شہزاد قریشی نے کہا ہے کہ شہر بھر میں غیر اعلانیہ میں لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، ایک طرف بجلی کے بلوں کی مد میں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے تو دوسری جانب بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود عوام کو بجلی میسر نہیں ہے۔ امپورٹڈ حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ آئندہ ماہ سے بجلی کی قیمت میں 7روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جارہاہے،فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے نام پر کراچی کے شہریوں سے بھتہ وصول کیا جارہا ہے، سندھ حکومت کا مارکیٹیں جلدی بند کرنے کا فائدہ بھی عوام تک نہیں پہنچ رہا، اس فیصلے سے پولیس کو جیبیں گرم کرنے کا موقع مل گیا ہے۔ عوام مہنگائی، لاقانونیت اور لوڈشیڈنگ کی چکی میں پس رہے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت نے عوام کی بہتری کیلئے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات پر پانی پھیر دیا ہے۔