عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ نے کن اداکاروں کی پیروڈی کی؟

July 06, 2022

بالی ووڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ اور اداکارہ عالیہ بھٹ نے ’کافی ود کرن 7‘ شو میں مشہورِ زمانہ فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے مقبول سین کی پیروڈی کی جو سوشل میڈیا صارفین کو بھاگئی۔

بالی ووڈ کے مشہور فلم ساز کرن جوہر نے ’کافی ود کرن 7‘ شو کے سیٹ سے ایک ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر شیئر کی جس میں عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کو دیکھا جا سکتا ہے جو فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے ایک سین کی پیروڈی کر رہے ہیں۔

اداکار جوڑے نے کاجول کے کردار انجلی اور فریدہ جلال کے کردار سعیدہ کی پیروڈی کر کے دیکھنے والوں کو ہنسنے پر مجبور کر دیا ہے۔

رنویر سنگھ نے یہ پیروڈی اپنی 37 ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کے اصرار پر کی جو سوشل میڈیا صارفین کو خوب پسند آئی۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کرن جوہر نے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’ آج ہمارے روکی کی سالگرہ کے پُرمسرت موقع کو مزید خاص بنانے کے لیے ان کی رانی بھی ہمارے ساتھ ہیں! ہاٹ اسٹار اسپیشلز کی پہلی قسط میں میرے ساتھ ان کے مزید ہنسی مزاق دیکھیں‘۔

واضح رہے کہ یہ ویڈیو کافی ود کرن سیزن 7 کے سیٹ پر ریکارڈ کی گئی تھی، ناظرین کل سے یہ شو ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر دیکھ سکیں گے۔

عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ پہلی بار 2019ء میں فلم گلی بوائے میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے، یہ جوڑی کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم روکی اور رانی کی پریم کہانی میں ایک بار ساتھ نظر آئے گی۔