کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ضرور رنگ لائے گی‘شفیع اللہ

August 06, 2022

پشاور (جنگ نیوز) ضلعی انتظامیہ پشاور نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے یوم استحصال کے موقع پر سیکرٹری ایڈمنسٹریشن شاہد سہیل خان کی قیادت میں خیبر بازار اورڈپٹی کمشنر شفیع اللہ خان کی قیادت میں یونیورسٹی روڈ پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیاجس میں ایڈیشنل سیکرٹری حبیب اللہ،ڈین خیبر میڈیکل کالج ڈاکٹر محمود اورنگزیب، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سلیم ایوبی،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سیدہ زینب نقوی، آل پارٹی حریت کانفرنس کے رہنماؤں میاں غلام داؤد اور عبدالمجید لون، مرکزی تنظیم تاجران کے صدر ملک مہر الٰہی، احتشام حلیم، تاجران، پروفیسرز،ڈاکٹر ز، سٹاف، عوام اور دیگر افراد نے شرکت کی۔شرکاء نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ایک دن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ضرور رنگ لائے گی۔کشمیریوں پر بھارتی افواج نے ظلم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں اور کشمیری پاکستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں لیکن بھارت کو یہ منظور نہیں۔ ہم کشمیری عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے کیونکہ اس کے لئے ہزاروں بہن بھائیوں نے قربانیاں دی ہیں اور ان کی قربانی رائیگاں نہیں جا ئیں گی اور کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔