پشاور(جنگ نیوز)کریم پورہ بازار پشاور کے صدارتی امیدوار حبیب اللہ المعروف شاہ جی نے کہا ہے کہ بازار کے تاجروں نے اب ماضی کے دعووں اور وعدوں کی حقیقت کو جان لیا ہے اور اس بار خدمت کے نام پر ووٹ لینے والے عناصر کو سخت عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے بازار کی نمائندگی کرنے والوں نے تاجروں کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے کوئی مؤثر کردار ادا نہیں کیا جس کے باعث تاجروں میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔اپنے ایک اخباری بیان میں حبیب اللہ شاہ جی کا کہنا تھا کہ اگر گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کی کارکردگی کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے تو بازار میں ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے کوئی قابلِ ذکر پیش رفت نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ کریم پورہ بازار کے تاجروں کو صفائی، نکاسی آب اور دیگر روزمرہ مسائل کا سامنا ہے جبکہ بارہا توجہ دلانے کے باوجود ان مسائل کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ بارش یا معمولی نکاسی آب کی خرابی کے باعث بازار کی گلیاں اور نالیاں ابل پڑتی ہیں، جس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں بلکہ تاجروں اور خریداروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے انکے بقول موجودہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ بازار کی قیادت ایسے افراد کے ہاتھوں میں دی جائے جو ذاتی مفادات کے بجائے تاجروں کی خدمت اور مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔