نوجوان کرکٹر بابر اعظم کی تکنیک سے سیکھیں،سابق انگلش کپتان

August 09, 2022

لندن (نیوز ڈیسک) انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر ناصر حسین کا کہنا ہے کہ ورلڈ کرکٹ میں اگر نوجوان کرکٹرز تکنیکی شارٹس سیکھنا چاہتے ہیں تو وہ بابراعظم کی ویڈیوز دیکھیں۔سماجی رابطے کی سائٹ پر کمنٹیٹر ناصر حسین کا کلپ تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں وہ بتارہے ہیں کہ جو روٹ، کین ولیم سن اور ویرات کوہلی کے مقابلے میں بابراعظم کے شارٹس کھیلنے کا اسٹائل بہت بہتر ہے اور اس لیے وہ تینوں پلئیرز پر سبقت رکھتے ہیں۔انہوں نے بھارتی فینز سے معذرت کرتے ہوئے وضاحت پیش کی کہ کوہلی کی کلائی فلک کرتے وقت لچک جاتی ہے جبکہ بابر کے پاس اسے کھیلنے کا روایتی طریقہ ہے، اگر کوئی نوجوان لڑکا کور ڈرائیو سیکھنا چاہتا ہے تو میں کہوں گا کہ بابر اعظم کو دیکھے۔واضح رہے کہ آئی سی سی رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم واحد بلے باز ہیں جو تمام فارمیٹس میں ٹاپ تھری میں شامل ہیں۔