شہباز گل کے پولیس کی تحویل میں بیان کی کوئی اہمیت نہیں، احمد اویس

August 12, 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وکیل تحریک انصاف احمد اویس ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شہباز گل بیان میں جہاں حدود سے آگے گئے یہ پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں ہے، عارف نقوی کے امریکا میں کیس سے عمران خان کو کوئی نقصان نہیں ہوگا، شہباز گل کے پولیس کی تحویل میں بیان کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وزیرمملکت برائے پٹرولیم سینیٹر مصدق ملک اور جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان بھی شریک تھے۔مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان نے کہیں شہباز گل کے بیان سے لاتعلقی ظاہر نہیں کی، شہباز گل کے اسسٹنٹ کی اہلیہ اور بچی کو گرفتار کرنا زیادتی ہے، عمران خان بین الاقوامی چور عارف نقوی کو رائزنگ اسٹار قرار دے رہا ہے،فواد چوہدری نے خود کو اور پارٹی کو شہباز گل کے بیان سے دور کر کے سمجھداری کا ثبوت دیا۔سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ شہباز گل کی باتیں ناقابل قبول ہیں، ان باتوں کا پی ٹی آئی اور عمران خان کو نقصان ہوگا، پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں ٹی ٹی پی کے حوالے سے کنفیوژن کا شکار ہے، معاشی بحران اور سیکیورٹی خطرات کے دوران سیاسی نفرتیں پھیلا کر ملک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔وکیل تحریک انصاف احمد اویس ایڈووکیٹ نے کہا کہ فواد چوہدری آزاد ماحول میں آزاد ذہن کے ساتھ بات کررہے ہیں، شہباز گل پولیس کی تحویل میں بیان دے رہے ہیں اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے، پولیس جس طرح تحقیقات کرتی ہے شہباز شریف کو اٹھالے تو وہ بھی اپنی پارٹی کیخلاف بیان دے رہے ہوں گے، کوئی مہذب پاکستانی فوج کیخلاف زہر نہیں اگل سکتا، نواز شریف ،مریم نواز ، پرویز رشید ، مولانا فضل الرحمٰن اور آصف زرداری فوج کیخلاف کیا کیا زہر نہیں اگلا ہے، انہوں نے غلیظ زبان استعمال کی۔احمد اویس ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ شہباز گل بیان میں جہاں حدود سے آگے گئے یہ پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں ہے۔