آئیڈیاز 15 سے 18 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگی

August 12, 2022

اسلام آباد ( وقائع نگار)آئیڈیاز 15سے 18نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگی، چار سال کے تعطل کے باوجود ایونٹ کو بھرپور رسپانس مل رہا ہے،70فیصد اسٹالز بک ہوچکے، دفاعی نمائش کی کامیابی کیلئے پرعزم ہیں ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ رواں سال آئیڈیا 2022میں ملکی و بین الاقوامی دفاعی صنعت سے بھرپور ریسپانس ملے گا ، گزشتہ بیس سال کے دوران ہر گزرتے سال میں دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز پہلے سے زیادہ نمایاں ہونا بے حد خوشی کا باعث ہے، وہ جمعرات کو مقامی ہوٹل میں ڈیفنس ایکسپورٹ پرموشن آرگنائزیشن کے زیر اہتمام 11ویں انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزبیشن و سیمینار کی سافٹ لانچنگ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، ایگزبیشن و سیمینار 15 تا 18 نومبر ایکسپو سنٹر کراچی میں منعقد ہوگا، وزیر دفاع نے کہا کہ دفاعی ہتھیاروں کی نمائش کی اہمیت میں ہر گزرتے سال اضافہ ہورہا ہے اور یہ نمائش بین الاقوامی سطح پر نمایاں تر ہورہی ہے، میں امید کرتا ہوں کہ اس سال بھی آئیڈیاز نمائش و سیمینار کا انعقاد بھرپور کامیاب رہے گا