لوٹ مار کرنے والے ملزمان پر پولیس افسر نے فائرنگ کردی، ملزم مارا گیا

August 13, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سچل میں سادہ لباس پولیس افسر سے لوٹ مار کرنے والے ملزمان پر پولیس افسر نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ملزم مارا گیا، نیپئر میں پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کی حدود کنیز فاطمہ سوسائٹی شاز بنگلوز کے قریب تین مسلح ملزمان نے سادہ لباس میں ملبوس اے ایس آئی اسلم پاشا سے لوٹ مار کی اور جیسے ہی جانے لگے تو پولسی افسر نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ایس ایچ او مظہر اقبال اعوان کے مطابق مارے جانے والے ملزم کی شناخت 23 محمد نبی ولد فقیر محمد کے نام سے ہوئی جس کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول، موٹر سائیکل اور چھینی ہوئی رقم برآمد ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس افسر نیو ٹائون تھانے کے شعبہ یہ تفتیش میں تعینات ہے اور اپنی اہلیہ کے ہمراہ دودھ کی دکان پر کھڑا تھا کہ اس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔