شہباز گل کیخلاف کراچی میں درج مقدمہ خارج کرنے کیلئے درخواست

August 13, 2022

اسلام آباد (خبر نگار) سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف کراچی میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں درج مقدمہ خارج کرنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیا ہے کہ کراچی کی ایف آئی آر پر اس عدالت کا دائر اختیار نہیں بنتا۔ جمعہ کو ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے خلاف کراچی میں درج مقدمہ غیر قانونی قرار دے کر خارج کرنے کیلئے فیصل چوہدری، نیاز اللہ نیازی اور دیگر وکلا کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، آئی جی سندھ، تھانہ کوہسار اور کراچی کے ایس ایچ اوز کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک معاملے پر کراچی اور اسلام آباد میں الگ الگ مقدمات درج کئے گئے ہیں۔