بھارتی فلموں کی نمائش بارے خبروں کی سنٹرل بورڈ آف فلم سینسر کی تردید

August 14, 2022

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)سنٹرل بورڈ آف فلم سینسر،حکومت پاکستان کے چیئرمین محمد طاہر حسن نے ملک میں بھارتی فلموں کی نمائش سےمتعلق بعض ذرائع ابلاغ میں جاری ہونے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کی اجازت کے حوالہ سے کوئی پالیسی کسی بھی سطح پر زیرغور نہیں۔ہفتہ کو جاری ایک بیان میں محمد طاہر حسن نے کہا کہ ملک میں کسی بھی بھارتی فلم کی نمائش کی اجازت کے حوالہ سے بعض ذرائع ابلاغ میں زیرگردش خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ملک کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پربھارتی فلم کی نمائش سے متعلق میڈیا کے بعض حصوں بالخصوص سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلائی جانے والی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے طاہر حسن نے کہا کہ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی بے بنیاد خبروں میں کوئی حقیقت نہیں۔