نیدرلینڈ سے آج پہلا ون ڈے، پاکستان کی وائٹ واش پر نظر، ورلڈ کپ کی نشست حاصل کرسکتا ہے

August 16, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نیدر لینڈ کی نسبتاً کمزور ٹیم کو پاکستان تین صفر سے شکست دے کر2023 کے ورلڈ کپ کا براہ راست ٹکٹ حاصل کرسکتا ہے۔ ورلڈ کپ میں میزبان بھارت براہ راست کوالی فائی کرے گی جبکہ سات ٹاپ ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں جگہ بنانا ہے اس وقت آئی سی سی سپرلیگ میں پاکستان پانچویں اور نیدر لینڈ 13ویں نمبر پر ہے۔ پاکستان اور نیدرلینڈز کی پہلی دوطرفہ ون ڈے سیریز منگل سے روٹرڈیم میں شروع ہوگی۔ان فٹ شاہین آفریدی کا ابتدائی دو میچوں میں ان کی شرکت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ تیسرے میچ میں ان کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔ توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم میں بیٹر سلمان علی آغا اور فاسٹ بولر نسیم شاہ کو موقع دیا جائے گا۔ بابراعظم اس سیریز میں ایک بھی سنچری اسکور کردیں تو وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 10سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بن جائیں گے۔ اسی طرح وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے مزید 18 رنز درکار ہیں۔ بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ نیدرلینڈز آنے پر بہت خوش ہیں۔ یہاں کا موسم اور مہمان نوازی بہت اچھی ہے۔ یقین ہے کہ سیریز خطے میں کرکٹ کے فروغ کا سبب بنے گی۔ بابر اعظم نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کا ری ہیب جاری ہے اور وہ کافی بہتر محسوس کررہے ہیں۔ ان کی عدم موجودگی دراصل نوجوان فاسٹ بولرکے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا سنہری موقع ہے۔ انہوں نے تماشائیوں کو بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ کو دونوں ٹیموں کے درمیان اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ پاکستان ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود۔