یوم آزادی کے حوالے سے مایوسی کی باتوں کی ایوان میں گنجائش نہیں، اسپیکر

August 16, 2022

اسلام آباد (فاروق اقدس/ نامہ نگار خصوصی) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے حوالے سے مایوسی اور شکست خوردہ ذہنیت کی عکاس باتوں کی اس ایوان میں کوئی گنجائش نہیں ہے اگر اس ایوان میں کوئی رکن خواہ اس کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو اس حوالے سے منفی سوچ کی گفتگو کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ پیر کو اجلاس کے دوران اسپیکر نے یہ رولنگ جی ڈی اے کی رکن سائرہ بانو کی جانب سے 14 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والی ایک سرکاری تقریب میں موسیقی کے پروگرام پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کی جبکہ اپوزیشن کی نشستوں پر موجود مولانا چترالی نے بھی سائرہ بانو کے موقف کی بھرپور تائید کی۔ مولانا چترالی نے کہا کہ جشن آزادی کے نام پر رقص پیش کئے گئے ۔