آزادی اظہار کیخلاف کریک ڈاؤن ہو رہا ہے، PTIآج اور کل احتجاج کریگی

August 17, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) تحریک انصاف نے میڈیا اور آزادی اظہار کے تحفظ کیلئے منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔ آج اور کل مسلسل دو روز آزاد میڈیا اور آزادی اظہار کیخلاف ملک میں جاری بدترین کریک ڈائون کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے پارٹی ذمہ داران کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پارٹی اعلامیہ کے مطابق آج بدھ 17 اگست کو میڈیا و صحافیوں کو ہراساں کرنے کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا ، وفاقی دارالحکومت میں مظاہرے کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کریں گے ۔ جمعرات 18 اگست کو اسلام آباد میں ”آزادی اظہار اور میڈیا کے تحفظ“ کے عنوان سے قومی سیمینار کا اہتمام کیا جائے گا جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خصوصی خطاب کریں گے۔ سیمینار سے مختلف اہل فکر و دانش اور سینئر صحافی بھی مخاطب ہوں گے ۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو سیمینار میں مدعو کیا جائے گا۔ آزادی اظہار اور میڈیا کے تحفظ کے حوالے سے دو روزہ سرگرمیوں کی میڈیا و سماجی میڈیا پر بھرپور تشہیر کے انتظامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں۔ پرنٹ ، الیکٹرانک اور سماجی میڈیا کی کلیدی شخصیات کو بھی بطور خاص مدعو کیا جا رہا ہے ۔