اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے محنت کی ضرورت ، ڈاکٹر فخر الاسلام

August 18, 2022

پشاور( لیڈی رپورٹر) پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے انتھک محنت کی ضرورت ہے۔پاکستان کے قدرتی اورانسانی وسائل کا بھر پور استعمال ہو تو ہم اسے ایک فلاحی اور معاشی طور پر مضبوط ریاست بنا سکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نےہمدرد فائونڈیشن کے زیر اہتمام شوریٰ ہمدرد کے اجلاس میں کیا ۔ اجلاس کا موضوع تھاʼʼآئیے اپنا محاسبہ کریں، ہم معاشی، معاشرتی اور ملی اعتبار سے کہاں کھڑے ہیںʼʼ ۔ مہمان مقرر پروفیسر ڈاکٹر رشید احمد ،ڈائریکٹر شیخ زید اسلامک سنٹر پشاور یونیورسٹی کہا کہ پاکستان کا قیام محض اتفاق نہیں بلکہ منشائے الٰہی ہے ،اسلام کے نام پر قائم ہونیوالا ملک انشاء اﷲ قائم و دائم رہے گا۔اُنہوں نے کہا کہ جس ملک میں سیاسی عدم استحکام ہو وہاں کی معیشت کمزور ہوتی ہے، عدم استحکام سے ملک تباہی کی طرف جاتے ہیں۔معیشت کی بہتری کیلئے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ منشیات کی سمگلنگ اور انٹرنیٹ کے غلط استعمال نے نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے جس کے تدارک کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ہمیں اﷲ تعالیٰ کی دی ہوئی نعمتوں کا شکر ادا کرنا ہو گا اور سب سے پہلے اپنا محاسبہ کرنا ہو گا کہ ہم اس وقت کہاں کھڑے ہیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے رکن شوریٰ ہمدرداور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ذاکر شاہ، اراکین شوریٰ ڈاکٹر سعید انور، ڈاکٹر اقبال خلیل، قاری شاہد اعظم، مشتاق حسین شاہ بخاری اورانجم صدیقی سمیت مبصرین حاجی غلام مصطفی، رئوف خرم،حمزہ بن انیس اور نغمہ گُل نے بھی مذکورہ موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک آزاد مملکت میں رہ رہے ہیں،یوم آزادی پر نوجوانوں اور خصوصی طور پر بچوں کا جوش و جذبہ دیدنی تھا، ہمیں اپنی نئی نسل کو تعلیم دینی ہو گی کہ پاکستان کس مقصد کے لئے بنا تھا اور ہم نے کیا کرنا ہے۔