سیلاب سے نقصان، سندھ حکومت کا مشترکہ سروے کرانے کا فیصلہ

September 23, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصان کا اندازہ لگانے کیلئے مشترکہ سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو 26 ستمبر سے شروع ہوگا ، پہلے مرحلے میں سکھر ، گھوٹکی اور کشمور کے اضلاع شامل ہوں گے، سروے میں ضلعی انتظامیہ، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور آرمی کے جوان شامل ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ بورڈ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری بلدیات، نمائندہ کور فائیو، این ڈی ایم اور پی ڈی ایم حکام شریک ہوئے۔ چیف سیکرٹری سہیل راجپوت نے کہا کہ مشترکہ سروے کے لئے یونین کونسل لیول پر سروے کمیٹی بنائی گئی ہے۔