ماڈل کالونی کے قبرستان کی دیوار توڑ کر دکانیں بنانے پر احتجاج

September 26, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے ماڈل کالونی کے جناح ایونیو پر واقع قبرستان کی دیوارتوڑ کر دکانیں بنانے پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا ہے ملیر کینٹ سے ملیر ہالٹ جانے والی مین روڈ پر پرانے قبرستان کی دیوار کو مرمت کے نام پر چند روز قبل توڑ دیا گیا تھامکینوں کا کہنا ہے کہ دیوار کے ساتھ چند پرانی قبروں کو بھی مسمار کیا گیا ہے اور اب جو چیز سامنے آئی ہے دیوار کی آڑ میں دکانیں بنائی جا رہی ہیں علاقہ مکینوں اور فلاحی تنظیموں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کے ایم سی، ضلعی انتظامیہ اور علاقہ پولیس کو اس سے آگاہ کیا لیکن رکنے کے بجائے دکانوں کی تعمیر میں تیزی آگئی ہے انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سے دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لینے مسمار کی گئی قبروں کو بحال کرنے اور دکانوں کی تعمیر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔