سرجانی میں سیکورٹی گارڈز، ملیر میں مالک مکان کی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک

September 26, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر )سرجانی ٹاؤن میں سیکورٹی گارڈز اور ملیر میں مالک مکان کی فائرنگ سے 2ڈاکو ہلاک ،مزاحمت کرنے پر دو گارڈز بھی زخمی ہوئے،تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن گلشن نور سوسائٹی مکان نمبر 51/18کے قریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تین مسلح ملزمان ڈکیتی کے لئیے آئے تو وہاں موجود سیکورٹی گارڈز نے انھیں روکنے کی کوشش کی،اس دوران ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے ایک گارڈ گولی لگنے جبکہ دوسرا پستول کا بٹ لگنے سے زخمی ہو گیا،گارڈز کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈکیت 50سالہ محمد اسلم زخمی ہو گیا جسے گارڈز نے پکڑ لیا جبکہ اسکے دو ساتھی فرار ہو گئے، پولیس اور ریسکیو ادارے کے رضاکاروں نے زخمی گارڈز اور ڈکیت کو اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج ڈکیٹ ہلاک ہو گیا،پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور رائونڈز برآمد کئے گئے ہیں، زخمی گارڈز کی شناخت 20سالہ کامران اور 25سالہ معیز کے نام سے ہوئی ہے، دریں اثنا میمن گوٹھ تھانے کی حدود سموں گوٹھ میں ہفتہ شب چار بجے چار ڈاکو ایک گھر میں داخل ہوئے ،اس دوران گھر کے مالک فضل کی آنکھ کھل گئی اور اس نے اپنے پاس موجود پستول سے ملزمان پر فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں ملزم نصیر ولد رحیم بلوچ ہلاک ہوگیا ،پولیس کے مطابق ملزم کے پاس سے چوری کی گئی پانی کی موٹر بھی ملی ہے،ہلاک ملزم کاٹھور کا رہائشی تھا ، علاوہ ازیں سرجانی ٹائون سیکٹر سیون بی نرسری کے قریب ہفتہ کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 32 سالہ سعد ولد سلیم اتوار کو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا،پولیس کے مطابق مقتول محمد آباد کا رہائشی اور گذشتہ روز گاڑی میں اکیلا کسی کام سے آیا تھا، اب تک کی تفتیش کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے ۔