دیہی سندھ کے مظلوم شہری ہماری جانب دیکھ رہے ہیں، مصطفیٰ کمال

September 27, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی والے اپنے بچوں کیساتھ گھروں سے نکلیں تاکہ انکی اگلی نسلیں گھروں میں آرام سے رہ سکیں ورنہ حالات بد سے برتر ہوتے چلے جائیں گے۔ اندرون سندھ کے بے بس عوام نے بہت پہلے پیپلز پارٹی کے ظلم کے سامنے مزاحمت ترک کردی تھی، دیہی سندھ کے مظلوم شہری ہماری جانب دیکھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کورنگی کے بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دو طبقے ہیں ایک وہ جو حکمران ہے اور ظلم کر رہا ہے، دوسرا وہ جو ظلم سہ رہا ہے، ظالموں کو آواز لگانا اپنے وقت کو ضائع کرنے کے مترداف ہے، مظلوموں کو آواز لگا کر کہتا ہوں کہ بد دعائوں سے آج تک کوئی ظلم ختم نہیں ہوا بلکہ ظالم اور مضبوط ہوتا ہے۔ اس لئے مظلوموں کو ظلم کے خلاف عملی جدوجہد کرنے کے لئے اپنے گھروں سے نکلنا ہوگا۔ ہر جیتنے والا کامیاب نہیں اور ہر ہارنے والا ناکام نہیں، پی ایس پی کی جیت پر کوئی شبہ نہیں وہ مل کر رہے گی، ہمیں جیت کے بعد عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرکے کامیاب ہونا ہے۔