اسلام آباد ہائیکورٹ، اڈیالہ میں قیدیوں سے غیر انسانی سلوک کی تحقیقات کا حکم

September 28, 2022

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قیدیوں سے غیر انسانی سلوک کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے جیل میں قیدیوں سے ناروا سلوک سے متعلق کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری وزارت انسانی حقوق نے عدالتی فیصلے کی روشنی میں کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ہیومن رائٹس ایکٹ 2012 پر مکمل عمل درآمد ہو گا اور ہیومن رائٹس کورٹس بھی قائم کی جائیں گی۔ عدالت نے لکھا کہ کمیشن اور پمز کی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پٹیشن میں عائد الزامات بادی النظر میں بے بنیاد نہیں ہیں، گزشتہ سماعت پر جمع کرائی گئی خفیہ رپورٹ کے مطابق لگتا ہے کہ اڈیالہ جیل کو قانون کے مطابق چلانے کی بجائے حراستی کیمپ بنا دیا گیا ہے۔