ریڈ لائن بس سروس روٹ پر درختوں کی کٹائی، ہائیکورٹ کا ملٹری اسٹیٹ آفس کو نوٹس

October 01, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے ریڈ لائن بس سروس کے روٹ پر ہزاروں درختوں کی کٹائی کے خلاف درخواست پر سیکرٹری ماس ٹرانزٹ، کمشنر کراچی کو فریق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ملٹری اسٹیٹ آفس کو نوٹس جاری کردیئے، عدالت نے ریمارکس دیئے شہر میں کیا ٹرانسپورٹ کی سہولت نہیں ہونی چاہیں؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سہولتوں کا مطلب یہ نہیں درخت کاٹ دیئے جائیں،عدالت نے کنٹونمنٹ وکیل سے مکالمے میں کہا کہ یہ درخت کاٹ کر کسی دوسرے مقام پر کیوں نہیں لگاتے، درختوں کو محفوظ بنانے کے لیے کیا کیا؟ وکیل نے کہا کہ یہ علاقہ کنٹونمنٹ بورڈ ملیر کا ہے مگر زمین ملٹری اسٹیٹ کی ہے، ملٹری اسٹیٹ سے جواب طلب کرلیا جائے، عدالت نے ریمارکس دیئے نئے فریقین آئندہ سماعت پر جواب جمع کرائیں، علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے جہانگیر پارک سے بے دخل کے ایم سی ملازمین کو متبادل رہائش دینے کی درخواست پر سرکاری کوارٹرز میں مقیم ملازمین کی مکمل تفصیل اور متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کا حکم دیدیا، درخواست کی سماعت پر ڈائریکٹر ایڈمن کے ایم سی نے بتایا واٹر بورڈ کے مختلف فلیٹس کی نشاندہی کی ہے جہاں ملازمین رہتے ہیں، عدالت نے ریمارکس دیئے واٹر بورڈ کے کتنے فلیٹس اور پلاٹس ہیں اور کتنا کرایہ وصول کیا جارہا ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ لوگ 125 روپے کرایہ دے کر رہتے رہیں۔