قائد اعظم ٹرافی، ناردرن کی سدرن پنجاب کو 10؍وکٹوں سے شکست

October 01, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کا افتتاحی راؤنڈ جمعے کومکمل ہو گیا۔ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں ناردرن نے سدرن پنجاب کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ فالو آن کے بعد سدرن پنجاب کی ٹیم 104 اوورز میں 265 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ناکام ٹیم کی جانب سے عمران رفیق اور عثمان صلاح الدین نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ناردرن کے موسیٰ خان اور مہران ممتاز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ ناردرن نے چھ رنز کے ہدف کا تعاقب دوسرے اوور میں کر لیا۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سنٹرل پنجاب اور سندھ کا میچ ڈرا ہوگیا۔ سنٹرل پنجاب کے طیب طاہر نے دوسری اننگز میں ناقابل شکست سنچری بنائی انہوں نے 252 گیندوں پر 18 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 152 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق نے دوسری اننگز میں 61 رنز بنائے۔ جیت کے لیے 338 رنز کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم 44 اوورز میں چار وکٹوں پر 132 رنز بنا سکی۔ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 134 رنز سے شکست دی۔ جیت کے لیے 370 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم 235 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔بلوچستان کے خرم شہزاد نے دوسری اننگز میں تین وکٹیں اور میچ میں سات وکٹیں حاصل کیں۔